خبرنامہ انٹرنیشنل

ترکی میں گولن سے وابستگی کے الزام میں جرمن شہری گرفتار

ترکی:(اے پی پی) ترکی میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت کے بعد واقع میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاون کا سلسلہ جاری ہے، فتح اللہ گولن سے وابستگی کے الزام میں ایک جرمنی شہری کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔ جرمنی کے وزارت خارجہ کے مطابق ترک حکومت نے ایک جرمن خاتون کو گھر سے فتح اللہ گولن کی کتابیں ملنے پر گرفتار کرلیا گیا۔ حکومت نے جرمن خاتون پر فتح اللہ گولن سے روابط کا الزام عائد کیا ہے۔ خاتون سے رابطہ کرنے کے لیے جرمن سفارتخانے کی کوششیں جاری ہیں تاہم اب تک خاتون سے رابطہ نہیں کیا جاسکا۔ ایک جرمن عدالت کی جانب سے ترک صدر اور ترک سیاستدانوں کی براہ راست تقریروں پر پابندی کے فیصلے کے بعد ترکی اور جرمنی کے درمیان تعلقات مزید کشیدہ ہوگئے ہیں۔ جرمن حکومت نے ترکی میں جاری کریک ڈاون میں ساٹھ ہزار افراد کی گرفتاریوں پر کڑی تنقید کی ہے۔