خبرنامہ انٹرنیشنل

ترکی نے داعش کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا، وزیراعظم یلدرم

ترکی نے داعش کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا، وزیر اعظم یلدرم
استنبول؛(ملت آن لائن) ترکی کے وزیر اعظم بن علی یلدرم نے کہا ہے کہ شامی بحران کے دوران ترکی نے شامی عوام کی امیدوں کو زندہ رکھا اورداعش کے خلاف جنگ میں اہم کردار ادا کیا۔ ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق برطانیہ کے سرکاری دورے کے دوران انٹرنیشنل سٹرٹیجک سٹڈیز انسٹی ٹیوٹ میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ترکی نے دہشت گرد تنظیم داعش کے 3600 کارکنوں کو بے بس کر دیا ہے۔ ترک وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گرد تنظیمیں اس ملک میں اختیارات کے خلاء سے بھر پورفائدہ اٹھا رہی ہیں۔ان حالات میں ترکی ہرگز خاموش تماشائی نہیں بن سکتا تھا، دباؤ، مظالم اور حملوں سے جان بچا کر ہجرت کرنے والے لاکھوں انسانوں کو ہم نے پناہ دے رکھی ہے۔ بن علی یلدرم نے کہا کہ شام بحران کے حل کے لئے ترکی، روس اور ایران کی جانب سے شروع کردہ سلسلہ اہم مرحلے تک آ پہنچا ہے۔داعش کے خلاف جنگ میں اہم کامیابیاں حاصل کی گئی ہیں تا ہم ابھی بھی اس تنظیم کا مکمل طور پر قلع قمع نہیں کیا جا سکا۔ ہم نے فرات ڈھال آپریشن کے ذریعے داعش کے اندرونی روابط کو منقطع کیا اور 3600 دہشت گردوں کو ہلاک کیا اورداعش کے 50 ہزار سے حامیوں کو خطے میں داخل ہونے سے روکا۔داعش مخالف ہماری ہر سطح پر کارروائیاں جاری ہیں۔