خبرنامہ انٹرنیشنل

ترکی نے روس سےایس 400 میزائلوں کی خریداری کا معاہدہ کرلیا

ترکی نے روس سےایس 400 میزائلوں کی خریداری کا معاہدہ کرلیا
واشنگٹن: (ملت آن لائن) ترکی نے روس سے زمین سے فضا میں مار کرنے والے S۔400 میزائلوں کی خریداری کا معاہدہ کرلیا ہے تاہم ترکی یورپین کنسوشیم کے ساتھ بھی ایک معاہدے کی کوشش کر رہا ہے جس کے تحت وہ خود اپنا میزائل دفاعی نظام تیار کرنے میں اْس کی مدد کرے گا۔ پیر کو امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس بات کا انکشاف ترکی کے وزیر دفاع نوریتن کینکلی نے کیاہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ ترکی نیٹو کا رکن ہے اور نیٹو کے بعض رکن ممالک روس سے S۔400 میزائل خریدنے سے متعلق ترکی کے ارادے کو نیٹو کیلئے تشویشناک قرار دے رہے ہیں۔ اس معاہدے پر اس حوالے سے بھی تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ روسی میزائل نیٹو کے دفاعی نظام سے ہم آہنگ نہیں ہے۔نیٹو کے ایک سینئر کمانڈر نے بتایا کہ نیٹو ترکی پر زور دیتا رہے گا کہ وہ ایسا اسلحہ خریدے جو نیٹو کے دفاعی نظام کے ساتھ ہم آہنگ ہو کر استعمال کیا جا سکے۔ نیٹو کمانڈر نے کہا کہ فی الحال روس سے S۔400 میزائلوں کو کوئی کھیپ ترکی نہیں پہنچی ہے تاہم ترکی کے وزیر دفاع نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ معاہدہ طے پاگیا ہے اور میزائل خرید لئے گئے ہیں۔ ترکی کے وزیر دفاع نے کہا کہ ترکی محض روس سے خریدے گئے S۔400 میزائلوں پر اکتفا نہیں کرے گا بلکہ اْن کا ملک ایروسام کنسوشیم سے مذاکرات شروع کرچکا ہے تاکہ ترکی میزئلوں کا دفاعی نظام خود تیار کرنے کیلئے ٹیکنالوجی حاصل کر سکے۔ ترکی کے وزیر دفاع نے اس سلسلے میں برسلز میں فرانس اور اٹلی کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کئے ہیں۔ اْنہوں نے کہا کہ پہلے قدم کے طور پر یوروسیم اور ترکی کی کمپنیاں یوروسیم کے تیار کردہ ٹی سیمپ میزائلوں پر مبنی نظام کی تیاری کا جائزہ لیں گی۔