خبرنامہ انٹرنیشنل

ترکی نے شام میں فوجی کارروائی پر امریکی تنقید مسترد کردی

انقرہ(آئی این پی)ترکی نے شمالی شام میں اپنی فوجی کارروائی پر امریکی تنقید مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترک سرحد پر دہشت گردی کا خطرہ ختم ہونے تک کارروائی جاری رہے گی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق شام میں فوجی کارروائی پر بلاجواز تنقید پر ترکی نے امریکی سفیر کو طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا ہے ۔ترک حکومت نے واشنگٹن سے جاری بیان کو انتہائی غیر ذمے دارانہ بیان قرار دیا ہے ۔ ترک وزارت خارجہ کاکہنا ہے کہ ترک سرحد پر دہشت گردی کا خطرہ ختم ہونے تک کارروائی جاری رہے گی۔دوسری جانب ترک فوج کے اعلی حکام ابراہیم کولن نے فوج اور کرد تنظیم وائے جے پی کے درمیان کسی قسم کے کمزور جنگ بندی معاہدے کی تردید کی ہے، جبکہ ترکی نے واضح کیا ہے کہ انقرہ حکومت شام میں کرد ملیشیا کے ساتھ جنگ بندی پر رضامند نہیں ہے۔ پی وائی ڈی شام میں دہشت گرد تنظیم پی کے کے کا بازو ہے اور ترکی دہشت گرد تنظیم کے ساتھ کسی قسم کا معاہدہ یا تعلقات نہیں چاہتی۔ابراہیم کولن نے مزید کہا کہ ترکی کو اپنی اور کسی دوسری سر زمین پر کرد مسئلے کا سامنا نہیں ہے، ترکی صرف دہشت گرد ی کے خلاف نبرد آزما ہے، کیوں کہ ترکی کو علیحدگی پسند دہشت گرد تنظیم پی کے کے سے خطرات کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز شام میں کرد ملیشیا نے امریکی ایما پر ترک فوج سے جنگ بندی معاہدے کا دعوی کیاتھا۔