خبرنامہ انٹرنیشنل

ترکی کا درجنوں میڈیا ادارےبند کرنےکا اعلان، 149جنرل اورایڈمرلزمعطل

استنبول:(اے پی پی) ترکی میں فوجی بغاوت کی ناکامی کے بعد گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے جب کہ درجنوں میڈیا ادارے بند کرنے کے علاوہ 149 جنرلز اور ایڈمرلز کو معطل کردیا گیا ہے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ترکی میں فوجی بغاوت کی ناکام کوششوں کے بعد ترک حکومت کی جانب سے ملک بھر میں درجنوں میڈیا ادارے بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ترک حکومت کی جانب سے بند کیے جانے والے میڈیا اداروں میں 3 نیوز ایجنسیاں، 16 ٹی وی چینلز جبکہ 15 رسالے شامل ہیں جب کہ فوج کے تقریبا 1700 اہلکارجن میں 149 جنرل اور ایڈمرلز کو ان کے عہدوں سے معطل کیا گیا ہے۔ معطل کیے جانے والوں میں 87 فوجی جنرل، 30 ایئرفورس کے جنرل اور32 ایڈمرل شامل ہیں۔ ترکی میں سرکاری طورپر کسی بھی ایسے میڈیا ادارے کا نام سامنے نہیں آیا جس پرپابندی عائد کردی گئی ہے تاہم مقامی میڈیا کے کے مطابق پابندیوں کا سامنا کرنے والے میڈیا اداروں میں چھوٹے ادارے یا صوبائی سطح پرکام کرنے والے ادارے ہوسکتے ہیں جب کہ بغاوت کے بعد جاری کارروائیوں میں 47 صحافیوں کو حراست میں لینے کے وارنٹ جاری کیے جاچکے ہیں جب کہ اس حکم سے چند دن قبل بھی 42 نامہ نگاروں کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔ کریک ڈاؤن میں اب تک 16 ہزار افراد حراست میں ہیں جبکہ 60 ہزار سرکاری ملازمین، اساتذہ اور تعلیمی اداروں کے سربراہان کوبھی معطل کیا جا چکا ہے۔