خبرنامہ انٹرنیشنل

ترکی کے اقدامات ناقابلِ قبول ہیں: یورپی یونین

برسلز: (اے پی پی) یورپی یونین نے کہا ہے کہ حالیہ ناکام بغاوت کے بعد ترکی کی جانب سے نظامِ تعلیم، عدلیہ اور میڈیا کے خلاف کیے جانے والے اقدامات ناقابلِ قبول ہیں۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یورپی یونین کی نمائندہ اعلیٰ فیدریکا موگیرینی اور کمشنر جوہانس ہان نے ایک بیان میں کہا کہ انھیں ترکی کی جانب سے ہنگامی حالت کے نفاذ پر تشویش ہے۔اس اقدام سے ترکی کو حکم ناموں کے ذریعے حکومت چلانے کے وسیع اختیارات حاصل ہو گئے ہیں۔یورپی یونین کے دو اعلیٰ حکام نے صدر رجب طیب اردوان پر زور دیا کہ وہ قانون کی بالادستی، انسانی حقوق اور آزادی کی پاسداری کریں۔انھوں نے ترکی کی جانب سے یورپی کنونشن برائے انسانی حقوق کو معطل کرنے پر خبردار کیا ہے، اور کہا ہے کہ اسے ان شرائط کی پاسداری کرنی چاہیے جن کے تحت اس کنونشن کو معطل کیا جا سکتا ہے۔اس سے قبل جرمن وزیرِ خارجہ فرینک والٹر شٹائن مائر نے ترکی پر زور دیا تھا کہ وہ بغاوت کی کوشش کے ردِ عمل میں تناسب کا خیال رکھے۔انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنیسٹی انٹرنیشنل نے بھی ترکی کے اقدامات کو غیرمعمولی کریک ڈاؤن قرار دیا ہے۔