خبرنامہ انٹرنیشنل

ترکی کے تمام اسلامی ممالک کے ساتھ یکساں تعلقات ہیں، ترک وزیرخارجہ

ترکی کے تمام اسلامی ممالک کے ساتھ یکساں تعلقات ہیں، ترک وزیرخارجہ

استنبول(ملت آن لائن) ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے کہا ہے کہ ترکی کے تمام ہی اسلامی ممالک کے ساتھ بڑے گہرے تعلقات ہیں اور ہم سب ممالک کو ایک ہی نظر سے دیکھتے ہیں تاہم اگر کوئی ملک غلطی کرے تو اس کی بھی ہم نشاندہی کرتے ہیں۔ ترک ذرائع ابلاغ کے مطابق سوڈان میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران وزیر خارجہ چاوش اولو نے سوڈان کے بھی قطر ایران اور ترکی کے اتحاد میں شامل ہونے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ترکی ایسے کسی محور کا حصہ نہیں ہے۔ ترکی اسلامی تعاون تنظیم کا موجودہ چئیرمین ہے اور ترکی کے تمام ہی اسلامی ممالک کے ساتھ گہرے تعلقات ہیں۔انہوں نے کہا کہ ایران، شام اور عراق پر سب سے زیادہ ترکی ہی نے تنقید کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی اسلامی تعاون تنظیم کے موجود چئیرمین ہونے کے ناتے تمام اسلامی ممالک کے درمیان اتحاد اور اخوت کو اہمیت دیتا ہے اور بیت المقدس کے مسئلے کو بھی ہم نے اتحاد قائم رکھتے ہوئے ہی حل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی سوڈان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید فروغ دینے کا خواہاں ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم کو بڑھانے کے لیے بھی کوششیں صرف کی جا رہی ہیں۔ اس موقع پر سوڈان کے وزیر خارجہ ابراہیم غندور نے کہا کہ ترکی اور سوڈان کے درمیان تعلقات بھائیِ چارے اوراخوت پر مبنی ہیں۔