خبرنامہ انٹرنیشنل

ترکی کے شہر ازمیر کی عدالت کے باہر دھماکے میں متعدد افراد زخمی

انقرہ:(ملت+اے پی پی) ترکی کے مغربی شہر ازمیر میں عدالت کے باہر دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہوگئے جب کہ پولیس نے 2 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا۔ ترکی کے شہر ازمیر کی مقامی عدالت کے مرکزی دروازے کے باہر کار دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد زخمی ہوگئے۔ دھماکے کے فوری بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جب کہ دھماکے کے مقام پر پولیس نے 2 حملہ آوروں کو بھی ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ایک حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا جس کی تلاش کے لئے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ دھماکے کے فوری بعد پولیس اور امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا جب کہ حادثے کے مقام پرکھڑی دیگر گاڑیوں میں بھی آگ لگ گئی۔ ترک پولیس نے گزشتہ روز ازمیر سے سرچ آپریشن کے دوران داعش سے تعلق کے شبے میں 20 افراد کو حراست میں لیا تھا۔