خبرنامہ انٹرنیشنل

ترکی ہمارےاندرونی معاملات میں مداخلت نہ کرے، انڈونیشیا

جکارتہ:(اے پی پی) انڈونشیا کی وزارت خارجہ نے “فتح اللہ گولن” سے وابستہ مدارس کی بندش پر مبنی انقرہ کے مطالبے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی کو ہمارے داخلی امور میں مداخلت کے بجائے ان کا احترام کرنا چاہئے۔ انڈونیشیا کی وزارت خارجہ کے ترجمان “آرماناتا نصیر” نے کوالالمپور میں صحافیوں سے بات چیت کے دوران کہا کہ انڈونیشیا، دیگر ملکوں کے امور میں مداخلت کرنا نہیں چاہتا بنابریں ہمیں بھی امید ہے کہ دیگر ممالک ہمارے ملک کے داخلی امور میں مداخلت سے گریز کریں گے۔ انڈونیشیا، ملائیشیا اور کمبوڈیا میں ترکی کے سفیروں نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان ملکوں سے فتح اللہ گولن کی نگرانی میں چلنے والے تعلیمی مراکز کو بند کئے جانے پر زور دیا ہے۔ انڈونیشیا میں واقع ترکی کے سفارت خانے کی جانب سے حال میں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوب مشرقی ایشیا میں فتح اللہ گولن سے وابستہ نو بین الاقوامی مدارس کام کر رہے ہیں۔ انقرہ، صدر اردوغان کے خلاف ہونے والی حالیہ ناکام فوجی بغاوت کا ذمہ دار فتح اللہ گولن کو قرار دیتا ہے-