انقرہ ۔ (اے پی پی) ترکی کے نائب وزیر اعظم نعمان قرتلمش نے کہا ہے کہ ان کا ملک 27لاکھ شامی مہاجرین کو پناہ دے چکا ہے ۔ ترکی کے سرکاری ٹیلی ویژن سے گفتگو کرتے ہوئے نائب وزیر اعظم نے کہا ترکی ، مشرق وسطی، بلقان اور اسلامی دنیاکا ایک رکن ہے جو ہزاروں سالہ تاریخی ورثہ کا مالک ہے۔ دنیا کی ہر جگہ پر ہمارے قدموں کے نشانات موجود ہیں ۔انہوں نے کہا کہ شام کا بحران عملی طور پر اپریل 2011 سے ہماری توجہ کو اپنی طرف مرکوز رکھے ہوئے ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے تقریباً 27لاکھ شامیوں کے لئے اپنے دروازے کھولے ہیں جن میں عرب ، ترکمان، کْرد اور یزیدی سب شامل ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ترکی تقریباً 8 ارب ڈالر مہاجرین پر خرچ کر چکا ہے۔ نائب وزیر اعظم نے کہا کہ ترکی کو کو مہاجرین کے مسئلے کا سامنا کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کے خطرے کا بھی سامنا ہے۔