خبرنامہ انٹرنیشنل

ترک اخبارہمارےتعلقات کو خراب کرنےکی کوشش کررہا ہے:جنرل جوڈنفرڈ

نیویارک (اے پی پی) چیئرمین جوائنٹ آف سٹاف جنرل جو ڈنفرڈ نے ترک اخبار ” ینی سفک ” میں شائع ہونے والی اس رپورٹ کہ ترکی کی ناکام بغاوت کے پیچھے امریکی سابق جنرل جان کیمپ بیل کا ہاتھ تھا ، کی پُرزور تردید کرتے ہوئے رپورٹ کو گمراہ کن اور بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیہودہ رپورٹ ہے اور ترک اخبار جان بوجھ کر امریکہ اور ترکی کے تعلقات کو متاثر کرنے کی ناپاک کوشش کر رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جب یہ واقعہ رونما ہوا تھا تو سب سے پہلے امریکہ نے ہی اس کی مذمت کی تھی اور صدر اوبامہ نے ترک صدر طیب اردوگان کو فون کر کے کہا تھا کہ امریکہ آپ کی جمہوری حکومت کے ساتھ کھڑا ہے لہذا ترک اخبار کی اس رپورٹ میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔ جنرل ( ر) کیمپ بیل نے بھی اس خبر کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رپورٹ غیر ذمہ دارانہ ہے جس میں کوئی حقیقت اور صداقت نہیں ہے اور نہ ہی ریٹائرمنٹ کے بعد انہوں نے ترکی کا دورہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا ایسی خبریں افواہ ساز ادارے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پھیلا رہے ہیں تاکہ امریکہ اور ترکی کے تعلقات کشیدہ ہوں ۔ انہوں نے کہا غیر ذمہ دارانہ صحافت کی وجہ سے ہی معاشرے تباہ ہوتے ہیں ۔