خبرنامہ انٹرنیشنل

ترک: اسپیشل فورسزکے1800ہلکارتعینات؛ ہیلی کاپٹرمارگرانے کاحکم

استنبول (آئی این پی)ترک حکومت نے ناکام فوجی بغاوت کے بعد اسپیشل فورسز کے1800ہلکاروں کو استنبول میں تعینات کرتے ہوئے کوئی بھی ہیلی کاپٹر نظر آنے پر مار گرانے کا حکم دے دیا، بغاوت کی ناکام کوشش کے دوران ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد290 جبکہ اب تک گرفتار کئے جانے والے باغیوں کی تعداد 6100سے زائد ہو گئی۔تفصیلات کے مطابق پیر کو ترک حکومت نے اسپیشل فورسز کے اٹھارہ سو اہلکاروں کو استنبول میں تعینات کردیا ہے۔ اسپیشل فورسز کے دستے استنبول کی سڑکوں پر گشت کررہے ہیں۔ حکومت کی طرف سے اسپیشل فورسز کو کوئی بھی ہیلی کاپٹر نظر آنے پر مار گرانے کا حکم دیا گیا ہے۔ترک وزارت خارجہ ذرائع کے مطابق اب تک بغاوت کی سازش میں ملوث6100 افراد کو حراست میں لیا گیا ہے جبکہ اب تک فوج کے کئی اعلیٰ افسران اور2700 ججوں کو اْن کے عہدے سے برطرف کر دیا گیا ہے،حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کے دوران ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد 290ہوگئی ہے جبکہ گزشتہ روز ترکی کے جنوبی صوبے میں کارروائی کے دوران بریگیڈ کمانڈر سنیت 50 سے زائد باغی فوجیوں کو حراست میں لیا گیا ہے۔