خبرنامہ انٹرنیشنل

ترک صدرکوگرفتارکرنےکی کوشش،9 کمانڈوزگرفتار

ترکی:(آئی این پی) ترکی کی اسپیشل فورسز نےناکام فوجی بغاوت کے دوران صدر طیب اردوان کو گرفتار کرنے کی کوشش کرنے والے 9کمانڈوز کو گرفتار کرلیا ہے۔سرکاری خبر ایجنسی اناطولیہ کے مطابق کمانڈوز کوسٹی بیلی کے علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ بغاوت کے دوران ہیلی کاپٹر میں سوار تقریبا 25 فوجی اس ہوٹل میں اترے تھے جہاں صدر طیب اردوان ٹھہرے ہوئے تھے ۔انہوں نے اس ہوٹل پر فائرنگ کی تاہم صدر کچھ دیر پہلے ہوٹل چھوڑ چکے تھے۔ ترکی کی اسپیشل فورسز جنھیںہیلی کاپٹرز ،ڈرون اور بحریہ کی مدد حاصل ہے،باقی فوجیوں کی تلاش میں ہیں ۔ گرفتار فوجیوں کو کچھ دیر کے لئے جس تھانے میں رکھا تھا اس کے باہر بڑی تعداد میں بغاوت مخالف افراد جمع ہوگئے ، بعد میں فوجیوں کو صوبہ مگلا لے جایا گیا۔ صدر پر حملہ کرنے والے فوجیوں میں سے دو ابھی تک فرار ہیں ،تین فوجیوں کو گزشتہ ہفتہ ایک چیک پوسٹ سے گرفتار کیا گیا تھا تاہم باقی فوجیوں کے متعلق نہیں معلوم کہ انہیں گرفتار کیا گیا یا نہیں ۔