خبرنامہ انٹرنیشنل

ترک صدر نےروسی صدرسےمعافی مانگ لی

ماسکو:(اے پی پی) ترک صدر رجب طیب اردگان نے روس کا طیارہ مار گرانے پر روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے معافی مانگ لی۔ ترک صدر رجب طیب اردگان نے اپنے روسی ہم منصب ولادی میر پوٹن سے روس کا طیارہ گرانے پر معافی مانگ لی ہے۔ روسی صدارتی ترجمان کا کہنا ہے کہ صدر پیوٹن کو طیب اردگان کی جانب سے ایک خط موصول ہوا ہے جس میں انہوں نے روسی طیارے میں مارے جانے والے پائلٹ کے اہل خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے معذرت کی ہے۔ ترجمان کے مطابق طیب اردگان نے خط میں کہا ہے کہ ترکی اور روس کے درمیان دوستانہ اور روایتی تعلقات کی بحالی کے لیے ترکی تمام تر ممکنہ اقدامات کرنا چاہتا ہے- ترکی کی سرحدی حدود کی خلاف ورزی پر ترک فضائیہ نے گزشتہ سال نومبر میں روسی طیارہ مار گرایا تھا جس کے بعد سے دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہوگئی تھی جب کہ روس نے سخت ردعمل میں ترکی سے اپنے فوجی تعلقات منقطع کیے اور بعد میں اس پر اقتصادی پابندیاں بھی عائد کردیں۔