خبرنامہ انٹرنیشنل

ترک فضائیہ کی عراق میں کارروائی کے دوران 49 کرد جنگجو ہلاک

ترک فضائیہ

ترک فضائیہ کی عراق میں کارروائی کے دوران 49 کرد جنگجو ہلاک

بغداد:(ملت آن لائن) ترک فضائیہ نے عراق میں فضائی کارروائی کے دوران 49 کرد جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ غیر ملکی خبر ایجنسی نے ترک حکومت کی جانب سے جاری بیان کے حوالے سے بتایا ہے کہ ترک فضائیہ نے عراق کے شمالی حصے میں کردستان ورکرز پارٹی کے 19 ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔ جس کے نتیجے میں 49 کرد جنگجوؤں سمیت ان کے متعدد اہم ٹھکانے اور اسلحے کا ڈپو تباہ ہوگیا ہے۔
ترک فضائیہ کی عفرین میں کرد ملیشیا پر بمباری
ترک حکومت نے دعویٰ کیا ہے کہ کرد باغیوں کے جس گروہ کو نشانہ بنایا گیا ہے وہ 1980 کی دہائی سے ملک کے جنوب مشرقی علاقوں میں فعال تھے اور کارروائی کے دوران بھی وہ ترکی میں دہشتگردی کی کارروائی کی منصوبہ بندی کررہے تھے۔ واضح رہے کہ ترکی، شام سے ملحقہ علاقوں میں کرد جنگجوؤں کے خلاف بھی کارروائی کررہا ہے، اس حوالے سے اسے غیر ملکی دباؤ کا بھی سامنا ہے۔

………………………………

اس خبر کو بھی پڑھیے…برما کی لیڈر آنگ سان سوچی کے گھر پر بم حملہ

ینگون:(ملت آن لائن) برما کی لیڈر آنگ سان سوچی کے گھر پر پیٹرول بم حملہ کیا گیا ہے۔ حملے کے وقت سوچی گھر پر موجود نہیں تھیں۔ حکومتی ترجمان نے اس بات کی تصدیق کی کہ آنگ سان سوچی کے گھر پر پیٹرول بم حملہ کیا گیا ہے۔ تاہم انہوں نے مزید تفصیلات بتانے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ بم حملے سے گھر کو معمولی نقصان پہنچا ہے، لیکن کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ آنگ سان سوچی اس وقت دارالحکومت میں موجود ہیں جہاں وہ آج پارلیمنٹ سے خطاب کریں گی۔ یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل برما کی ریاست رکھائن میں روہنگیا مسلمانوں پر برمی فوج کے ظلم و ستم پر سوچی کی مجرمانہ خاموشی نے انہیں دنیا بھر کی نظروں میں ناپسندیدہ بنا دیا ہے۔ گزشتہ سال اگست سے جاری روہنگیا مسلمانوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے باعث اب تک 7 لاکھ سے زائد افراد بنگلہ دیش کی جانب ہجرت کر چکے ہیں اور پناہ گزین کیمپوں میں مقیم ہیں۔