خبرنامہ انٹرنیشنل

ترک فضائیہ کی کرد باغیوں کے خلاف کارروائیاں

انقرہ:(اے پی پی) ترک فوج کی جانب سے جاری کیے گئے ایک بیان میں بتایا گیا کہ لڑاکا طیاروں نے کالعدم کردستان ورکرز پارٹی کے اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ اِن حملوں میں ہونے والے جانی و مالی نقصان کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں ہیں۔ ترک فوج کے ایک اور بیان میں بتایا گیا کہ شمالی عراق کے قصبے بشیقہ میں کیے گئے دو عسکری آپریشنز میں ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے بتیس جہادیوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب ترکی کے شامی سرحد کے قریبی قصبے کِلِس پر تین راکٹ فائر کیے گئے۔ اِس کے جواب میں ترک فوج کے توپ خانے نے ’اسلامک اسٹیٹ‘ کی شام میں قائم پوزیشنوں پر گولے داغے۔ گزشتہ روز اِسی قصبے کے وسطی علاقے میں پانچ راکٹوں کی زد میں آ کر چار افراد ہلاک ہوئے تھے۔