خبرنامہ انٹرنیشنل

ترک فوج کا شماردنیا کی طاقتورترین افواج میں ہوتا ہے، طیب اردوان

ترک فوج کا شماردنیا کی طاقتورترین افواج میں ہوتا ہے، طیب اردوان
انقرہ:(ملت آن لائن) ترک صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے آپریشنل صلاحیت اور تجربے کے لحاظ سے ترک فوج کا شمار دنیا کی طاقتور ترین فوج میں ہوتا ہے۔ ترک خبرساں ادارے کے مطابق ترک صدر نے انقرہ میں قومی دفاع یونیورسٹی فوجی اکیڈمی گریجویشن تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ آئندہ کے برسوں میں فوجی اکیڈیمی میں داخلے کی درخواستوں میں کئی گنا اضافہ ہو جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ترک فوج کا انقلابیوں اور دہشت گرد تنظیم فیتو کے حامیوں سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ یہ فوج صرف ترکی اور ترک ملت کی فوج ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کے پاس ضائع کرنے کے لیے بالکل وقت نہیں ہے، اس وقت ملک اور قوم کو فوج کی طاقت کی کہیں زیادہ ضرورت ہے۔صدر ارداون نے کہا کہ ترکی نے اپنی حدود کے اندر دہشت گردوں کے خلاف تاریخ کی سب سے بڑی فوجی کاروائی شروع کر رکھی ہے۔ ترک فوج نے شام میں بھی اہم کاروائیاں کی ہیں اور کامیابی حاصل کی ہے۔انہوں نے کہا کہ ترک مسلح افواج پر ہونے والا ہر حملہ کمانڈر انچیف کی حیثیت سے ان کی ذات پر حملہ ہو گا ۔ ترک صدر نے متنبہ کیا کہ ترکی باغیوں کی خلاف جدوجہد کو جاری رکھے ہوئے ہے لیکن ہم کسی کو اس موقع سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فوجی افسران اور سپاہیوں کو نقصان پہنچانے کی ہر گز اجازت نہیں دیں گے۔