خبرنامہ انٹرنیشنل

ترک مسلح افواج کی کارروائی میں 19 کردباغی ہلاک

انقرہ:(ملت+اے پی پی) ترک مسلح افواج نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران فوجی آپریشن کے دوران کالعدم کرد تنظیم پی کے کے کے 19 ارکان کو ہلاک کیا۔ترک مسلح افواج نے 3 نومبر سے سرت ،شرنک اور حقاری کے تکون میں شروع کردہ فوجی کارروائی میں پی کے کے 19 دہشت گردوں کو ہلاک کیا ۔اس کارروائی کا مقصد علیحدگی پسند تنظیم کی موسم سرما میں دہشت گرد کاروائیوں کے منصوبوں کو ناکام بنانا اور ان کے ٹھکانوں کو تباہ کرنا تھا۔ 600 مربع کلومیٹر کا یہ علاقہ پی کے کے کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے۔ترک مسلح افواج نے بغیر پائلٹ کے طیاروں کے ذریعے بھی دہشت گردوں پر بمباری کی جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کے اسلحے کے ڈپوؤں ،پناہ گاہوں اور گاڑیوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔ علاقے سے اس سے پہلے کی کارروائیوں میں ہلاک ہونے والے سات دہشت گردوں کی لاشیں بھی بر آمد ہوئی ہیں۔