خبرنامہ انٹرنیشنل

ترک وزیرخارجہ کا بیرون ملک تعینات متعدد سفیروں کوبرطرف کرنےکااعلان

انقرہ: (اے پی پی) ترکی کے وزیر خارجہ مولود چاووش اوگلو نے اعلان کیا ہے کہ فوجی بغاوت کی ناکام کوشش کے پس منظر میں متعدد سفیروں کو برطرف کیا جائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چاووش نے کہا کہ اگر امریکا نے تْرک مذہبی شخصیت فتح اللہ گولن کو حوالے نہ کیا تو انقرہ اور واشنگٹن کے درمیان تعلقات متاثر ہوں گے۔ ترکی گولن پر رواں ماہ انقلاب کی ناکام کوشش کے ماسٹرمائنڈ ہونے کا الزام عائد کرتا ہے جب کہ گولن نے اس الزام کو مسترد کردیا ہے۔اوگلو نے مزید کہا کہ وہ آئندہ دورے میں اس معاملے کو زیربحث لانے کے لیے امریکی ذمہ داران سے ملاقات کریں گے۔ اس سے قبل واشنگٹن حکام کی جانب سے ترکی میں ہونے والی فوجی بغاوت کی کوشش میں گولن کے ملوث ہونے کے واضح ثبوت طلب کئے گئے ہیں۔ قانونی ماہرین کا کہنا ہے کہ حوالگی میں کئی سال لگ سکتے ہیں۔