خبرنامہ انٹرنیشنل

تمام سعودی ادارے حجاج کے خادم بن کر کام کریں، شاہ سلمان

ریاض :(اے پی پی) خادم الحرمین الشریفین اور سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مملکت کے تمام اداروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ حجاج کرام کی حفاظت اور ان کی سہولیات کے لیے ہرممکن اقدامات کو یقینی بنائیں تاکہ وہ فریضہ حج کی ادائی میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کریں۔ عرب خبر رساں ادارے کے مطابق شاہ سلمان نے کابینہ کے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم دنیا کے کونے کونے سے بیت اللہ کا حج کرنے کی غرض سے آنے والے فرزندان توحید کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے حجاج کرام کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ تمام عازمین حج صرف عبادت کی ادائی پر توجہ دیں۔ سعودی عرب کے تمام ریاستی ادارے حجاج کے خادم بن کر کام کریں۔انہوں نے حج بیت اللہ کی غرض سے مملکت میں آنے والے اللہ کے مہمانوں کا استقبال کرتے ہوئے زور دیا کہ حجاج کرام خود کو اللہ کی عبادت کے لیے وقف کر دیں۔عرب خبر رساں ادارے کے مطابق خادم الحرمین الشریفین کی جانب سے جاری کردہ تازہ احکامات میں کہا گیا ہے کہ تمام حکومتی اور نجی ادارے اللہ کے مہمانوں کی آرام وراحت اور انہیں سہولیات مہیا کرنے کے لیے ہرممکن کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی حکومت نے توسیع حرم کے منصوبے کے ساتھ ساتھ مدینہ منورہ اور تمام مشاعر مقدسہ میں حجاج کرام کو سہولیات کی فراہمی پر اربوں ریال خرچ کیے ہیں۔ ہم نے حجاج کی راہ میں حائل ہر قسم کی مشکل اور رکاوٹ ختم کرنے کی کوشش کی۔ بیرون ملک قائم سعودی سفارت خانوں کو ہدایت کی گئی کہ وہ عازمین حج کو ویزوں کے اجراء میں ہر ممکن آسانی پیدا کریں۔ حجاج کرام کے بری، بحری اور فضائی راستوں سے مملکت میں آنے اور ان کے واپس اپنے ملکوں میں جانے تک ریاض حکومت اپنی خدمات جاری رکھے گی۔اجلاس میں 8 اگست کو پاکستان کے شہر کوئٹہ میں ایک اسپتال میں ہونے والی دہشت گردی کی ایک بار پھر مذمت کرتے ہوئے موجودہ مشکل حالات میں پاکستان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔