واشنگٹن(آن لائن)امریکی وزیرخارجہ جان کیری نے ایران کی جانب سے مبینہ طور پر حال ہی میں کیے گئے بیلسٹک میزائل کے تجربات پر سخت احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کی صورت میں واشنگٹن تہران کے خلاف سخت اقدامات کر سکتا ہے۔ غیرملکی میڈیاکے مطابق امریکی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہیکہ اگر یہ بات ثابت ہو جائے کہ تہران نے بیلسٹک میزائل کے تجربات کر کے جوہری معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ جب یہ خبر سامنے آئی کہ ایران نے عالمی طاقتوں سے طے پائے جوہری معایدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بیلسٹک میزائل کے تجربات کیے ہیں تو امریکی سفارت کاروں نے اس کی تردید کی تھی۔ بعد ازاں امریکی حکومت کے ترجمان جان کیری نے ایک بیان میں کہا کہ ’’ضروری ہوا تو واشنگٹن تہران کو اس کے میزائل تجربات پر سخت جواب دے گا۔ تہران کے خلاف کارروائی اقوام متحدہ کے فورم سے بھی کی جا سکتی ہے اور امریکا یک طرفہ کارروائی کا بھی حق رکھتا ہے‘‘۔ ان کا اشارہ ایران پر ممکنہ طور پر اقتصادی پابندیوں کی جانب تھا۔وائٹ ہاؤس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ انہیں ایران کی جانب سے تازہ میزائل تجربات پر گہری تشویش ہے اور وزیرخارجہ جان کیری اس حوالے سے اپنے ایرانی وزیرخارجہ جواد ظریف سے تفصیلی بات چیت کریں گے۔واضح رہے کہ ایران نے حال ہی میں بیلسٹک میزائل کے دو کامیاب تجربات کیے ہیں۔ یہ میزائل 1400 کلو میٹر تک مار کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ منگل کے روز کم، درمیانے اور طویل فاصلے تک مار کرنے والے بیلیسٹک میزائلوں کے تھر میزائلوں کے تجربات کیے گئے تھے۔