خبرنامہ انٹرنیشنل

جاپانی وزیرِاعظم کی مبینہ بدعنوانی کے خلاف پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج

جاپانی وزیرِاعظم کی مبینہ بدعنوانی کے خلاف پارلیمنٹ کے سامنے احتجاج

ٹوکیو:(ملت+اے پی پی) جاپان کے وزیرِاعظم شنزو آبے کی حکومت سے منسلک سکینڈلز کے خلاف پارلیمان کے باہر لوگوں نے مظاہرہ کیا۔ جاپان کے نشریاتی ادارے کے مطابق گزشتہ روز پارلیمان کی عمارت کے مرکزی داخلی دروازے کے سامنے سینکڑوں افراد نے ریلی نکالی، ریلی دوپہر 2 بجے شروع ہوئی ۔مظاہرین نے نے ہاتھوں میں پوسٹر اور بینر اٹھا رکھے تھے جن پر ’’مکمل حقائق کی فراہمی‘‘ اور ’’شفاف سیاست‘‘ کے مطالبات درج تھے۔ شرکاء نے حکومت خلاف نعرے بھی لگائے ۔ مظاہرین نے کہاکہ وہ جعلسازی اور حقائق کو چھپانے کی کوشش کو کبھی معاف نہیں کریں گے۔ مظاہرین نے کہا کہ وہ وزیراعظم سے متعلق دونوں اسکینڈلزکے بارے میں سچ جاننا چاہتے ہیں جن میں سے ایک وزارت خزانہ کے حوالے سے ہے جس میں سکول کو زمین کی فروخت میں بھاری رعایت دینے اور سرکاری دستاویزات میں وزارت نے رد و بدل کی تھی۔ وزیر اعظم آبے کی اہلیہ کو سکول کی اعزازی پرنسپل بنانے کے منصوبے پر شدید تنقید کی گئی اور اس وجہ سے جانبدارانہ رویہ کے الزامات بھی لگنا شروع ہو ئے تھے۔عوام ایک ویٹیرینری سکول کھولنے کی منظوری کے عمل کے حوالے سے بھی سوالات اْٹھا رہے ہیں جس کے منتظم وزیرِاعظم کے قریبی دوست ہیں اور وزیر اعظم کے سابق سکریٹری نے عندیہ دیا تھا کہ اِس منصوبے میں وزیراعظم کی ذاتی دلچسپی تھی۔