خبرنامہ انٹرنیشنل

جاپان اور جنوبی کوریا کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا،امریکہ

ٹوکیو (ملت + آئی این پی) امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹِلرسن نے کہا ہے کہ جاپان اور جنوبی کوریا کے ساتھ تعاون کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق انہوں نے یہ بات جاپانی وزیر خارجہ فومیو کیشیڈا کے ساتھ ایک ملاقات کے بعد کہی۔ ٹِلر سن تین ایشیائی ملکوں کے پہلے دورے پر ہیں۔ وہ جاپانی وزیراعظم شینزو آبے کے ساتھ بھی ملاقات کریں گے۔ ان کے دورے کی اگلی منزل جنوبی کوریا ہے، جہاں وہ (آج ) جمعہ سترہ مارچ کو امریکا اور جنوبی کوریا کی مشترکہ فوجی مشقوں کا معائنہ کریں گے۔ جاپان اور جنوبی کوریا کے بعد وہ چین بھی جائیں گے۔ اِن دوروں کے دوران جن موضوعات کو مرکزی اہمیت حاصل ہے، ان میں شمالی کوریا کی جوہری ہتھیار سازی اور بیلسٹک میزائلوں کا معاملہ بھی شامل ہے۔