خبرنامہ انٹرنیشنل

جاپان کی امریکی بحری مشقوں میں شمولیت سے معذرت

ٹوکیو:(اے پی پی) چین کے دباؤ کے بعد جاپان نے متنازعہ بحیرہ جنوبی چین میں امریکہ کی فریڈم آف نیوی گیشن مشقوں میں شمولیت سے معذرت کر لی، ادھر چین نے امریکی اتحادیوں خصوصاً جاپان کو خبردار کیا ہے کہ وہ اس کے خلاف کسی بھی اقدام سے پہلے اپنے انجام کے بارے میں ضرور سوچ لیں۔ جاپانی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکہ کی طرف سے جاپان کو دعوت دی گئی تھی کہ وہ بحیرہ جنوبی چین میں اس کی فریڈم آف نیوی گیشن مشقوں میں شمولیت اختیار کرے، جاپانی بحریہ چین کی ناراضی کا خطرہ مول لے کر ان مشقوں میں شمولیت پر غور کر رہی تھی کہ اسی دوران جاپان کے اعلیٰ سطحی حکام کو چین کا انتہائی سخت پیغام موصول ہو گیا۔ چینی حکام کی جانب سے کہا گیا کہ جاپانی بحری جہازوں نے بحیرہ جنوبی چین کا ر?خ کیا تو اسے سرخ لکیر سے تجاوز کیا جائے گا اور اس کا جواب کھلی جنگ کی صورت میں بھی سامنے آسکتا ہے۔ جاپانی سفارتی زرائع کے حوالے سے انکشاف کیا گیا ہے کہ چین کی سخت وارننگ کے بعد جاپان کے اعلیٰ سطحی حکام نے چینی حکام کو پیغام پہنچا دیا ہے کہ وہ امریکہ کی فریڈم آف نیوی گیشن مشقوں میں شمولیت کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے، جس کے بعد چین کے غصے میں کچھ کمی آئی ہے اور صورتحال مزید بگڑنے سے بچ گئی ہے۔