خبرنامہ انٹرنیشنل

جاپان کی حکومت نے پاکستان میں چار سماجی ترقیاتی منصوبوں کیلئے مالی امداد کی توثیق کردی

اسلام آباد ۔ 30 مارچ (اے پی پی) جاپان کی حکومت نے پاکستان میں چار سماجی ترقیاتی منصوبوں کیلئے مالی امداد کی توثیق کردی۔چارپاکستانی این جی اوز ان منصوبوں پرعملدرآمدکی ذمہ دار ہیں۔پاکستان میں جاپان کے قائمقام ناظم الامور جونیا متسورا اور چار این جی اوز کے سربراہوں نے بدھ کویہاں منصوبوں کیلئے تین لاکھ انیس ہزار ڈالر سے زائد مالی امداد کے معاہدے پر دستخط کئے۔معاہدے کے تحت 76110ڈالر کی گرانٹ مدینہ ٹاون ضلع فیصل آباد میں سکول کی تعمیر کیلئے این جی او کلارا کوملے گی۔ این جی او نیمٹ 80ہزار ڈالر کی گرانٹ ضلع شگر میں محروم طبقے کیلئے صاف پانی کی فراہمی کیلئے برائے کار لائے گی۔مزکورہ این جی او تقریبا 3548کی آبادی کیلئے صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائے گی۔اس کے علاوہ این جی او ’ایس ڈی او‘ 86903ڈالر گرانٹ سے ضلع نیلم کے دوردراز علاقے پلوائی میں لڑکیوں کیلئے سکول تعمیر کرے گی۔76701ڈالر کی گرانٹ زیڈ سی او ایم ایم ایس نامی این جی او کو دیاجائے گا۔یہ گرانٹ ضلع مردان کے علاقے رستم میں سو سالہ قدیم پرائمری سطح کے فضل السلام سکول کی مرمت اور تعمیر پر خرچ کرنے کا منصوبہ ہے۔