خبرنامہ انٹرنیشنل

جدید خلائی تحقیق کے لئے 2 چینی خلاباز خلاء میں روانہ

بیجنگ ۔ 17 اکتوبر (ملت + اے پی پی) چین نے جدید خلائی تحقیق کے لئے اپنے 2 خلاباز خلا میں بھیج دیئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مشن کے خلابازوں میں 49 سالہ جنگ ہیپنگ 37 سالہ چینگ ڈونگ شامل ہیں۔یہ دونوں خلابازجیکوان لانچ سینٹر سے مقامی وقت کے مطابق صبح ساڑھے سات بجے شینزو 11 خلائی جہاز سے روانہ ہوئے جسے لانگ مارچ 2 ایف راکٹ سے لانچ کیا گیا۔وہ تجرباتی ٹیانگونگ 2 نامی خلائی سٹیشن پر پہنچ کر وہاں 30 دن تک قیام کریں گے۔ یہ چینی خلابازوں کے لیے سب سے زیادہ مدت تک خلا میں رہنے کے منصوبے کا حصہ ہے۔اپنے پیغام میں چین کے صدر شی جن پنگ نے کہا کہ انھیں امید ہے کہ وہ دونوں خلائی سفر کی روح کو بہت ترقی فراہم کریں گے۔انھوں نے مزید کہا کہ اس مشن سے چین کو خلا کی بازیافت میں وسیع تر اور مزید اقدام کی صلاحیت پیدا ہوگی اور چین کو خلائی قوت بنانے میں نئی مدد ملے گی۔