خبرنامہ انٹرنیشنل

جرمنی، سینما گھر میں فائرنگ، حملہ آور ہلاک

فرینکفرٹ:(اے پی پی) جرمن پولیس نے فرینکفرٹ کے مضافاتی شہر فِیئرن ہائم کے سینما گھر میں گھس کر فائرنگ کرنے والے ایک نقاب پوش مسلح شخص کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اسے ہلاک کر دیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا اور تمام یرغمالیوں کو خیریت کے ساتھ بازیاب کرا لیا گیا۔ مزید یہ کہ حملہ آور ذہنی خلل کا شکار تھا اور اِس واقعے کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اس سے پہلے جرمن میڈیا اس سینما کمپلیکس کے اندر مورچہ بند اس شخص کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے افراد کی تعداد بیس اور پچاس کے درمیان بتا رہا تھا۔ پولیس کی کارروائی کے دوران کم از کم پچیس افراد کے آنسو گیس سے متاثر ہونے کی خبروں کی بھی بعد ازاں تردید کر دی گئی۔ یہ واقعہ جرمن شہر فرینکفرٹ کے نزدیک ایک چھوٹے سے قصبے فِیئرن ہائم میں پیش آیا۔ پولیس کے خصوصی دستے موقع پر پہنچ گئے تھے۔.