برلن۔(اے پی پی) گزشتہ سال ستمبر سے لے کر اب تک جرمنی سے 2 ہزار کے قریب تارکین وطن رضاکارانہ طور پر واپس چلے گئے جن میں اکثریت عراقی تارکین وطن کی ہے۔یہ بات جرمن اخبار نے جرمنی میں مہاجرین کے امور پر نظر رکھنے والے نامی ادارے کی ایک تحقیقی رپورٹ کے حوالے سے کہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق رضاکارانہ طور پر واپس جانے والے عراقی شہریوں سے اس فیصلے کی وجوہات کے بارے میں پوچھا گیا تو زیادہ تر کا کہنا تھا کہ جرمنی پہنچانے والے انسانوں کے اسمگلروں نے ان کے ساتھ جو وعدے کئے تھے وہ پورے نہیں ہوئے۔انہوں نے کہا کہ زیادہ تر تارکین وطن کو فراہم کی گئی رہائش گاہوں پر عدم اطمینان، روزگار کے مواقع کی کمی اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی خراب معاشی صورت حال کے علاوہ سیاسی پناہ کی درخواستوں پر فیصلوں میں سست روی جیسی وجوہات نے ان پناہ گزینوں کو مایوس کیا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق یکم ستمبر سے لے کر فروری 2016ء تک 1970 عراقی رضاکارانہ طور پر جرمنی سے واپس جا چکے ہیں۔ ڈوسلڈورف، فرینکفرٹ اور میونخ کے ہوائی اڈوں سے رضاکارانہ طور پر واپس عراق جانے والے تارکین وطن کی تعداد میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔