روم۔(ملت آن لائن) اطالوی وزیر داخلہ ماتیو سالوینی نے کہا ہے کہ اگر جرمنی نے درجنوں مہاجرین کو اٹلی واپس بھیجنے کے مبینہ منصوبے پر عمل کیا توحکومت جرمنی کے لئے اپنے ہوائی اڈے بند کر دے گی۔جرمن نشریاتی ادارے کے مطابق اپنے ایک ٹویٹ پیغام میں ماتیوسالوینی کا کہنا تھا کہ اْن کی حکومت مہاجرین کے لیے اپنے ایئر پورٹ بھی بالکل اسی طرح بند کر دے گی جیسے اس نے اپنی بندرگاہوں کو بند کر رکھا ہے۔ بعض اطالوی نیوز رپورٹوں میں کہا گیا تھا کہ جرمن حکومت چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے پناہ گزینوں کو واپس اٹلی بھیجنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ تاہم ابھی تک جرمن اور اطالوی حکام کی جانب سے اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔