خبرنامہ انٹرنیشنل

جرمنی: شاپنگ سنٹرمیں فائرنگ، 10 افراد ہلاک

میونخ: (اے پی پی) جرمنی کے شہر میونخ کے شاپنگ سنٹر میں اندھا دھند فائرنگ سے ہلاکتوں کی تعداد دس ہو گئی ، اکیس افراد زخمی ہیں ، حملہ آور نے فائرنگ کے بعد خودکشی کر لی ۔ میونخ پولیس چیف کا کہنا ہے کہ حملہ آور اٹھارہ سال کا ایرانی نژاد جرمن شہری تھا جو میونخ ہی کا شہری تھا اور پولیس کو اس کے بارے میں اس سے قبل معلومات نہیں تھیں ۔ انہوں نے کہا کہ واقعے میں حملہ آور سمیت دس افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ اکیس زخمیوں میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے ۔ پولیس نے 8 گھنٹے کے طویل آپریشن کے بعد شہر کو کلیئر قرار دے دیا جس کے بعد تمام لوگوں کو دوبارہ گھروں سے باہر نکلنے کی اجازت بھی دے دی گئی ۔ شہر بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ بھی بحال کر دی گئی ہے ۔ آپریشن میں 2300 اہلکاروں نے حصہ لیا ۔ جرمن چانسلر انجلا مرکل اور صدر گاؤک جوواچم نے واقعے پر شدید غم اور غصے کا اظہار کیا ہے ۔