خبرنامہ انٹرنیشنل

جرمنی میں خاتون ڈاکٹر حجاب کی وجہ سے نوکری سے محروم

جرمنی میں خاتون ڈاکٹر حجاب کی وجہ سے نوکری سے محروم

لاہور:(ملت آن لائن) جرمنی میں طبی ادارے نے ایک مصری خاتون ڈاکٹر کو حجاب کی وجہ سے نوکری دینے سے انکار کردیا۔ جرمنی میں رہائش پذیر مصر کی خاتون ڈاکٹر نے ایک طبی ادارے میں خالی پوسٹ پر درخواست دی تو چند ہی دنوں میں ای میل کے ذریعے خاتون کو جواب دیا گیا جسے پڑھ کر مصری خاتون حیران رہ گئیں۔ ایک ڈاکٹر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ خاتون کی درخواست کو حجاب پہننے کی وجہ سے رد کردیا گیا۔
مصری خاتون کا کہنا تھا کہ جرمنی آنے کے بعد میں نے بہت ساری جگہوں پر کام کے لیے درخواست دی لیکن کوئی جواب موصول نہیں ہوا البتہ میں نے اپنے پیشے سے متعلق ایک کام دیکھ کر مذکورہ طبی ادارے میں کام کے لیے درخواست دی لیکن اس کے جواب نے مجھے حیران کردیا، جس میں کہا گیا کہ آپ نے ہمیں درخواست کیوں بھیجی، درخواست بھیجنے سے قبل سوچ لیا کریں کیوں کہ یہاں آپ جیسی حجاب والی خاتون کے لیے کوئی جگہ نہیں ہے۔ خاتون نے اس حوالے سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹوئٹ بھی کی جس میں کہا کہ یہ میرے ساتھ پہلی بار نہیں ہوا جب مجھے کام دینے سے انکار کردیا گیا ہو مگر ایسا نسل پرستانہ رویہ پہلی بار اپنایا گیا ہے۔ مصری خاتون نے ای میل بھیجنے والے ڈاکٹر کے خلاف پولیس میں شکایت بھی درج کروائی جس میں انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر کی جانب سے بھیجا جانے والا جواب امتیازی سلوک کے حوالے سے جرمنی کے قانون کی خلاف ورزی ہے کیوں کہ جرمنی کا یہ قانون ملازموں یا ملازمت کی خواہش مند افراد کو ان کی جنس، عمر، جائے پیدائش، جنسی رحجان، مذہب ، رنگ اور نسل کے کسی بھی امتیاز اور تفریق کو روکتا ہے۔