برلن ۔ (اے پی پی) جرمنی میں دومسافر ٹرینیں ٹکرانے سے کم ازکم دس افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔ذرائع ابلاغ کے مطابق واقعہ جرمنی کے جنوبی قصبے باد ایبلنگ میں صبح کے وقت پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار مسافر ٹرین تیز رفتاری کے باعث سٹیشن پر کھڑی دوسری ٹرین میں جاگھسی جس کے نتیجے میں کم از کم دس افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہوگئے۔انھوں نے بتایا کہ حادثہ اتنا شدید تھا کہ باہر سے آنے والی ٹرین نے وہاں موجود ریل گاڑی کو چیر کر رکھ دیا۔ انھوں نے سیکورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ حادثہ کسی ریلوے ورکر کی جانب سے سگنل سسٹم کو بند کرنے کی وجہ سے پیش آیا جس کے باعث خود کار بریک سسٹم خراب ہوگیا تھا۔پولیس ذرائع کے مطابق حادثے میں کم از کم دس افراد ہلاک اور 81 زخمی ہوئے جن میں سے 18 شدید زخمی ہیں۔ہلاک ہونے والوں میں دو ڈرائیور اور دو کنڈیکٹر بھی شامل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حادثے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔