خبرنامہ انٹرنیشنل

جرمن وزیر خارجہ کی ڈونلڈ ٹرمپ کی مجوزہ خارجہ پالیسی پر تنقید

برلن:(اے پی پی) جرمنی نے ریپبلکن پارٹی کے امریکی صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل ڈونلڈ ٹرمپ کی پہلے امریکا کی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے رد کر تے ہوئے کہا ہے کہ ایسی کوئی سوچ کامیاب نہیں ہو سکتی۔جرمن دارالحکومت برلن میں وزیر خارجہ فرانک والٹر شٹائن مائر نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کی دفاعی اور خارجہ پالیسی کی تشکیل نو کی جو بات کی ہے وہ خود اپنے اندر تضادات لیے ہوئے ہے۔شٹائن مائر نے ٹرمپ کی اس تقریر پر ردعمل سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ بنیادی سوال یہ ہے کہ’’ پہلے امریکا‘‘ کا امریکی خارجہ پالیسی کی ترجیحات کے حوالے سے مطلب کیا ہے،جرمن وزیر خارجہ نے مزید کہاکہ اس عالمی سلامتی کے ڈھانچے کی کسی ایک ملک کی طرف سے یکطرفہ طور پر تنظیم نو نہیں کی جا سکتی۔ اس بدلی ہوئی حقیقت کو کوئی بھی امریکی صدر نظر انداز نہیں کر سکتا۔ واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ایک تقریر میں یہ تجویز دی تھی کہ واشنگٹن کو اپنی خارجہ اور دفاعی سیاست میں جامع اور زبردست تبدیلیاں لانا چاہیں۔