خبرنامہ انٹرنیشنل

جلال آباد میں بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک

کابل:(ملت+اے پی پی) افغانستان کی سیکیورٹی فورسز نے خصوصی آپریشن کے دوران دو غیرملکیوں سمیت چھ عسکریت پسندوں کوہلاک کرنے کا دعوی کیا ہے، جلال آباد میں بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے، اورزگان میں طالبان نے خاتون پولیس اہلکار کو ہلاک کردیا۔افغان میڈیا کے مطابق وزارت دفاع کی طرف سے کابل میں جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ہلمندنیم روز شاہراہ پرایک خصوصی کارروائی کے دوران 6عسکریت پسند ہلاک اور9 زخمی ہوگئے ، مرنے والوں میں دو غیرملکی بھی شامل ہیں۔ بیان میں اس حوالے سے مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ مشرقی صوبہ ننگرہار کے دارالحکومت جلال آباد میں بم دھماکے میں ایک شخص ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ۔ اطلاعات کے مطابق دھماکہ فورتھ پولیس ڈسٹرکٹ میں پولیس کی ایک گاڑی کے قریب ہوا۔ ابھی تک کسی گروپ یا تنظیم نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔ جنوبی صوبہ اورزگان میں طالبان نے خاتون پولیس اہلکار کو ہلاک کردیا۔ افغان حکام کے مطابق مذکورہ خاتون اہلکار ہلمند میں تعینات تھیں اوروہ اپنے شوہر کے ہمراہ ضلع نوآ جارہی تھیں ۔