خبرنامہ انٹرنیشنل

جلال آباد کابل شاہراہ پرغیرملکی خاتون امدادی ورکرکا اغواء

کابل:(اے پی پی) افغانستان کی سیکورٹی افواج نے ملک کے مختلف علاقوں میں کاروائیوں کے دوران درجنوں عسکریت پسندوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیاہے، جلال آباد کابل شاہراہ پر نامعلوم افراد نے غیر ملکی خاتون امدادی ورکر کو اغوا ء کرلیا۔افغان میڈیا کے مطابق مقامی حکام نے بتایا کہ صوبہ فاریاب کے ضلع گرزی وان میں سیکورٹی فورسز اورطالبان کے درمیان شدید جھڑپ ہوئی جس میں کم سے کم 30طالبان ہلاک ہوگئے۔حکام نے بتایاکہ اس دوران متعدد عسکریت پسند زخمی ہوگئے تاہم ان جھڑپوں میں سرکاری فورسز کو پہنچنے والے نقصان کے بارے معلوم نہ ہوسکا۔صوبہ بلخ کے ضلع چاردارا میں سیکورٹی فورسز نے آپریشن کے دوران 10طالبان کو ہلاک اور20کو گرفتار کرنے کادعویٰ کیاہے۔حکام کے مطابق علاقہ میں عسکریت پسندوں کے خلاف کاروائی بدستور جاری ہے۔شمالی صوبہ قندوز میں سپیشل فورسز نے ایک کاروائی کے دوران 6عسکریت پسندوں کو ہلاک اور60کوگرفتار کرنے کا دعویٰ کیاہے۔وزارت دفاع کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیاہے کہ سپیشل فورسز کے جوان رات کو ایک چھاپہ مارکاروائی کررہے تھے کہ اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا،بیان کے مطابق جوابی فائرنگ میں 6عسکریت پسند ہلاک ہوگئے جبکہ60کوحراست میں لے لیا گیاہے۔دریں اثناء جلال آباد کابل شاہراہ پر نامعلوم افراد نے غیر ملکی امدادی خاتون ورکر کو اغوا ء کرلیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق خاتون کو ننگرہارکے علاقہ میں اغوا ء کیاگیا اوران کا تعلق ایک بین الاقوامی این جی او سے ہے۔ابھی تک کسی تنظیم یا گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔