خبرنامہ انٹرنیشنل

جمہوریہ کانگو میں ہیضے کی وبا سے 500 افراد ہلاک

کنساشا:(آئی این پی) جمہوریہ کانگو میں ہیضے کی وبا نے 500سے زائد افراد کی جان لے لی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او کا کہنا ہے کہ جمہوریہ کانگو میں ہیضے کی وبا نے 500 سے زائد افراد کی جان لے لی ہے۔ ڈبلیو ایچ او نے کانگو میں اس سال کے آغاز سے پھوٹنے والی ہیضے کی وبا پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ عالمی ادارہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق کانگو میں اس وبا نے قریب18 ہزار افراد کو متاثر کیا ہے جن میں سے 517ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس مرض سے دنیا بھر میں ہر سال ایک لاکھ 42 ہزار اموات واقع ہوتی ہیں۔ عالمی ادارہ صحت، کانگو کے دارالحکومت کنشاسا میں ویکسینیشن مہم کا آغاز کر رہا ہے۔