خبرنامہ انٹرنیشنل

جمہوری انڈیکس میں بھارت 42ویں نمبر پر آگیا

جمہوری انڈیکس

جمہوری انڈیکس میں بھارت 42ویں نمبر پر آگیا

لاہور:(ملت آن لائن) خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت قرار دینے والا بھارت سالانہ جمہوری انڈیکس میں تنزلی کا شکار ہے اور اس کا نمبر اب 42واں ہو گیا ہے۔ سروے میں دنیا کے صرف 19 ملکوں کو مکمل جمہوری ملک قرار دیا گیا ہے اور امریکا اور بھارت ان ممالک میں شامل نہیں ہیں۔ اس انڈیکس میں ناروے بدستور پہلے نمبر پر ہے جس کے بعد آئس لینڈ اور سویڈن کا نمبر ہے۔ پچھلے سال بھارت کا نمبر 32واں تھا جہاں سے وہ مزید نیچے گرتا ہوا 42واں نمبر پر جا پہنچا ہے۔ اس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ بھارت میں اظہار رائے پر خوف و ہراس کے پہرے ہیں اور وہاں مذہبی انتہا پسندی فروغ پا رہی ہے جبکہ اقلیتوں کے خلاف تشدد کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ بھارت کے انتخابی عمل، شہری آزادیوں، حکومت کی کارگزاری، اور سیاسی کلچر میں خامیاں نوٹ کی گئی ہیں اور معاشرے میں تمام طبقوں کے لیے برداشت کا بھی فقدان دیکھا گیا ہے۔

………………………….

اس خبر کو بھی پڑھیے…پاکستان طالبان کے خلاف کارروائی کرے: افغان صدر

کابل: (ملت آن لائن) افغانستان کے صدر اشرف غنی نے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان طالبان کے خلاف کارروائی کرے۔ قوم سے ٹیلی ویژن پر اپنے خطاب میں افغان صدر نے کہا کہ کابل کے لیے ایک نیا سکیورٹی منصوبہ پیش کیا جا رہا ہے۔ افغان صدر نے کہا کہ پاکستان کو ایسے ناقابلِ تردید ثبوت فراہم کیے گئے ہیں جن سے ظاہر ہوتا ہے کہ افغانستان میں ہونے والے حالیہ حملوں کی منصوبہ بندی پاکستان میں کی گئی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اشرف غنی نے اپنے خطاب میں پاکستان کو طالبان کا گڑھ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہم انتظار کر رہے ہیں کہ پاکستان کوئی اقدام کرے۔ انہوں نے مزید کہا یہ حملہ ہمارے مردوں، عورتوں یا بچوں پر نہیں بلکہ پوری افغان قوم پر ہوا ہے اور اس کا جواب بھی قومی سطح پر ہونا چاہیے۔ اشرف غنی نے بتایا کے ان حملوں کے الزام میں 11 افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے اور ان کی مدد کرنے والے نیٹ ورک کی تفصیلات بھی پاکستان کو دے دی گئی ہیں۔اشرف غنی نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کابل حملے کے 11 ملزم گرفتار کر لئے، نیا سکیورٹی منصوبہ کل پیش ہو گا۔ پاکستان طالبان کا گڑھ ہے، چاہے 100 سال گزر جائیں افغان بدلہ ضرور لیں گے۔