خبرنامہ انٹرنیشنل

جنرل ہلوسی آکار کو بازیاب کرا لیا گیا

انقرہ : (اے پی پی) ترکی میں جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کی ناکام کوشش کے بعد جنرل امید دندار کو قائمقام آرمی چیف مقرر کردیا گیا ہے جبکہ ترک سیکورٹی فورسز نے انقرہ میں کارروائی کے دوران جنرل ہلوسی آکار کو بازیاب کرا لیا ہے۔ ترک وزیراعظم بن علی یلدرم نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ کہ فرسٹ آرمی کے کمانڈر جنرل امید دندار کو قائمقام چیئرمین آف چیف آف سٹاف مقرر کردیا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ترک سیکورٹی فورسز نے ملک میں مارشل لاء نافذ کرنے کی ناکام کوشش کے بعد انقرہ میں ایک کارروائی کے دوران جنرل ہلوسی آکار کو بازیاب کرا لیا ہے اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ سی این این ترک ٹیلی ویژن کی رپورٹ کے مطابق جنرل ہلوسی آکار کو انقرہ کے شمال مغرب میں اکنسی ایئر بیس میں ایک کارروائی کے بعد بازیاب کرایا گیا۔ یاد رہے کہ جنرل ہلوسی آکار کو گزشتہ روز جمہوری حکومت کا تختہ الٹنے کی کوشش کے بعد یرغمال بنائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔