خبرنامہ انٹرنیشنل

جنوبی کوریا؛ مظاہرے اور استعفے کے مطالبات شدت اختیار کرگئے

سیؤل: (ملت+اے پی پی) جنوبی کوریا میں صدر پارک گیون ہائے کے خلاف عوامی مظاہرے اور استعفے کے مطالبات شدت اختیار کرگئے ۔ذرائع ابلاغ کے مطابق شدید برف باری اور سردی کے باوجود لاکھوں افراد نے مسلسل پانچویں ہفتے بھی دارالحکومت سیؤل کی سڑکوں پر مارچ کیا۔ مظاہرین ایوان صدر کی جانب جانے کی کوشش کر رہے تھے تاہم پولیس نے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔ مظاہرین نے ایوان صدر سے تقریبا ڈیڑھ کلومیٹر کے فاصلے پر کھڑے ہو کے صدر پارک گیون ہائے کے خلاف زبردست نعرے لگائے جس کی آوازیں ایوان میں سنائی دے رہی تھیں۔ مظاہرین پارک گیون ہائے کے استعفے اور انہیں گرفتار کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔ مظاہرین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ صدر کے استعفے تک مظاہروں کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ جنوبی کوریا کی صدر پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے بعض قریبی ساتھیوں کو ملک کے سیاسی معاملات میں مداخلت کی اجازت دے رکھی ہے۔