خبرنامہ انٹرنیشنل

جنوبی کوریا میں امریکی میزائل دفاعی نظام کی تنصیب کے خلاف احتجاجی مظاہرے

نیویارک: (اے پی پی) جنوبی کوریا کے علاقے سیونگ جو سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے ملک میں امریک ساختہ میزائل دفاعی نظام تھاڈ کی تنصیب کے خلاف دارالحکومت سیؤل میں احتجاجی مظاہرہ کیا جبکہ جنوبی کوریا کی صدر پارک گیون ہے نے امریکی ساختہ میزائل دفاعی نظام کی تنصیب کے اپنے فیصلے کا دفاع کیا ہے ۔امریکی ریڈیو کے مطابق جمعرات کو قومی سلامتی کونسل کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے صدر پارک گیون ہے کا کہنا تھا کہ شمالی کوریا کی طرف سے بیلسٹک میزائل کی بڑھتی ہوئی صلاحیت کے باعث ان کی حکومت کے پاس اور کوئی چارہ نہیں کہ وہ ٹرمینل ہائی آلٹیٹیوڈ ایریا ڈیفنس سسٹم “تھاڈ” نصب کرے۔یہ میزائل دفاعی نظام جنوب مشری علاقے سیونگ جو میں لگائے جانے کا منصوبہ ہے۔اس فیصلے کے خلاف سیونگ جو سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے دارالحکومت سیؤل میں احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔صدر پارک گیون ہے نے اس منصوبے کے مخالفین کو متنبہ کیا ہے کہ اس بارے میں اختلاف سے جنوبی کوریا کے لوگ تقسیم اور الجھن کا شکار ہو سکتے ہیں جو کہ شمالی کوریا کے ہاتھوں میں کھیلنے مترادف ہوگا۔