واشنگٹن۔ (اے پی پی) گزشتہ سال طے کیے گئے دوسرے منسک جنگ بندی معاہدے کے بعد ایک سال کے دوران 400 سے زائد یوکرینی فوجی لڑائی میں ہلاک ہو چکے ہیں جس میں ہونے والے تشدد میں روس نے اہم کردار ادا کیا ہے۔وائس آف امریکہ سے انٹرویو میں وزارت دفاع میں یوکرین، روس اور یوریشیا سے متعلق اسسٹنٹ سیکرٹری مائیکل کارپینٹر نے کہا کہ مشرقی یوکرین میں جنگ میں شدت دیکھی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال طے پانے والے جنگ بندی معاہدے کے باوجود یوکرین کی مسلح افواج کو علیحدگی پسندوں سے جنگ کے دوران 430 فوجیوں کی ہلاکت کا نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔روس کے علیحدگی پسندوں کے ساتھ کمانڈ اینڈ کنٹرول سے متعلق رابطے ہیں جن کی وہ مشرقی یوکرین میں حمایت کر رہا ہے۔روس مشرقی یوکرین کے علاقے دونباس میں بھاری اسلحہ بھیج رہا ہے اور ساتھ ہی مشرقی یوکرین کے اندر فوجی موجودگی کے ساتھ علیحدگی پسندوں کی تربیت اور انہیں کنٹرول کر رہا ہے۔مائیکل کارپینٹر نے کہا کہ روس اس مسئلے کا ذمہ دار ہے۔