لندن:(آئی این پی) برطانوی وزیراعظم ڈیوڈ کیمرون نے وکی لیکس کے بانی جولین اسانج سے مطالبہ کیاہے کہ وہ لندن میں واقع ایکواڈورکے سفارتخانے سے باہر نکل آئیں اور ایک معذرت خواہانہ کہانی کوختم کردیں، انھیں اپنے خلاف الزامات کا سامنا کرنا چاہیے۔اسانج سویڈن میں جنسی زیادتی کے مقدمے میں مطلوب ہیں اورانھیں یہ بھی ڈرہے کہ سویڈن انھیں 50 ہزارخفیہ دستاویزات افشا کرنے پرامریکا کے حوالے کر دے گا۔ گزشتہ دنوں اقوام متحدہ کے پینل نے جولین اسانج کو سفارتخانے میں محصورکیے جانے کوغیرقانونی قراردیا تھا۔برطانوی پارلیمنٹ سے خطاب میں وزیراعظم نے کہاکہ میرے خیال میں یہ ایک مضحکہ خیز فیصلہ ہے،ایک شخص پر جنسی زیادتی کا الزام ہے اوراس نے خودکوسفارتخانے میں محصورکیا پھردعویٰ بھی کیا کہ اسے غیرقانونی حراست میں رکھا جارہا ہے۔