خبرنامہ انٹرنیشنل

جوہری ہتھیاروں کے تجربات سے شمالی کوریا محفوظ نہیں ہوسکتا، امریکا

جوہری ہتھیاروں کے تجربات سے شمالی کوریا محفوظ نہیں ہوسکتا، امریکا

سیئول(ملت آن لائن)امریکی وزیردفاع جیمز میٹس کا کہنا ہے کہ ہم شمالی کوریا کو جوہری ملک تسلیم نہیں کرتے اور پیانگ یانگ میزائل پروگرام سے محفوظ نہیں ہوسکتا۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق جنوبی کوریا کے دارالحکومت سئیول کے دورے کےدوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے جیمز میٹس کا کہنا تھا کہ ہم شمالی کوریا کے ساتھ تنازعات کو حل کرنے اور کشیدگی کم کرنے کے لئے مذاکرات کے لئے تیار ہیں، یہ پیانگ یانگ کے لئے نادر موقع ہے کیوں کہ ہمارے سفارتکاروں کو عسکری قیادت کی حمایت بھی حاصل ہے۔

اامریکی وزیردفاع کا کہنا تھا کہ اگر شمالی کوریا نے امریکا اور اس کے اتحادیوں پر حملے کی کوشش کی تو اس کے لئے بہتر نہیں ہوگا، جوہری ہتھیاروں کے استعمال پر امریکا کی جانب سے منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ جوہری اور میزائل پروگرام شمالی کوریا کو محفوظ نہیں بنا سکتے اور امریکا کبھی بھی پیانگ یانگ کو جوہری ملک تسلیم نہیں کرے گا۔

شمالی کوریا نے امریکا کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس نے ہمارے ایک انچ علاقے کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو اسے بہت بڑی مصیبت کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے اور کسی بھی وقت ایٹمی جنگ چھڑ سکتی ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ میں تعینات شمالی کوریا کے ڈپٹی سفیر کم ان رونگ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اب اس نہج تک پہنچ چکے ہیں کہ کسی بھی وقت ایٹمی جنگ شروع کی جاسکتی ہے۔