خبرنامہ انٹرنیشنل

حریت رہنماؤں کی طرف سےراج ناتھ کےبیان پرتنقید

سرینگر: (اے پی پی) مقبوضہ کشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء اور جموں وکشمیر نیشنل فرنٹ کے چیئرمین نعیم احمدخان نے بھارتی پارلیمان میں کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بحث کوکشمیریوں کو بدنام کرنے کی ایک مکارانہ کوشش قرار دیاہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نعیم احمدخان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ بھارت کی سیاسی قیادت کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو بدنام کرنا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کوئی دوطرفہ سرحدی تنازعہ ہے اور نہ ہی یہ کسی ملک کا اندرونی مسئلہ ہے بلکہ یہ کشمیریوں کے سیاسی مستقبل کا مسئلہ ہے جس کا فیصلہ کرنے کا حق صرف اور صرف کشمیری عوام کو ہی ہے۔انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیری اپنے اس حق کی خاطر تقسیم ہندسے مسلسل محو جد و جہد ہیں۔نعیم احمد خان کا کہنا تھا کہ بھارت کشمیریوں کی جائز آواز کو دبانے کیلئے طاقت کاوحشیانہ استعمال اور وہ کشمیریوں کو خاموش کرنے کیلئے گولیوں اور پیلٹ گن کا بے دریغ استعمال کررہا ہے ۔اُنہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے بار بار ثابت کیا ہے کہ وہ بھارت کے ظلم وجبر اور طاقت کے نشے کے آگے سرینڈر نہیں کریں گے کیونکہ انکی تحریک آزادی شہدا کے مقدس لہو سے عبارت ہے ۔حریت رہنماء نے کہا کہ اگر عالمی برادری جنوبی ایشیاء میں امن و استحکام کا قیام چاہتی ہے تو اسے چاہیے کہ وہ کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیرکے حل کیلئے بھارت پر دباؤ بڑھائے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے ایجنٹوں نے کشمیر میں ذرائع ابلاغ پر پابندی صرف اس لئے عائد کر رکھی ہے تاکہ یہاں کے زمینی حقائق کو دنیا سے چھپایا جائے۔ نعیم احمد خان نے کہا کہ بھارت اور اس کے مقامی آلہ کاروں کے ہاتھ کشمیریوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں اوروہ کشمیریوں کیخلاف برسر جنگ ہیں۔ انہوں نے وادی کشمیرمیں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نہتے کشمیریوں کے قتل عام کی شدید مذمت کی ۔ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماء جاوید احمدمیر نے بھی ایک بیان میں راج ناتھ سنگھ کے بیان پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاہے کہ بھارتی فوج نے راج ناتھ کے بیان کے چند گھنٹے بعد ہی قاضی گنڈ میں نہتے کشمیریوں پر اندھادھند فائرنگ اوردو خواتین سمیت تین کشمیریوں کو شہیدکر کے ثابت کر دیا ہے کہ کشمیرمیں فوجی راج نافذ ہے ۔انہوں نے کہاکہ راج ناتھ سنگھ کے بیان پر بھارتی فورسز کے ردعمل سے ثابت ہوتا ہے کہ فوج نے اسے مسترد کر دیا ہے ۔ انہوں نے نہتے کشمیریوں پر بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی پر افسوس ظاہر کیا ۔