خبرنامہ انٹرنیشنل

حلب:روس نےدوبارہ فضائی حملےشروع کردئیے

دمشق:(اے پی پی) روس کے لڑاکا طیاروں نے شام کے شمالی صوبہ حلب میں باغیوں کے ایک اہم سپلائی روٹ پر بمباری کی ہے۔ سیرین آبزرویٹری فارہیومن رائٹس کے سربراہ رامی عبدالرحمان نے میڈیا کو بتایا کہ روس اور شام کے لڑاکا طیاروں نے کاسٹیلو روڈ پر کم سے کم 40 فضائی حملے کیے ہیں جو فروری کے بعد اس شاہراہ پر شدید ترین بمباری ہے۔ حلب میں جنگ بندی پر مکمل طور پر عمل درآمد نہیں کیا گیا ہے اور باغی گروپوں اور شامی فوج کے درمیان گذشتہ ماہ سے جھڑپیں جاری ہیں۔ شامی فوج باغیوں کے زیر قبضے حلب کے مشرقی حصے پر بمباری بھی کررہی ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم 300 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔حلب کے شمال میں موجود باغیوں کو کاسٹیلو روڈ کے ذریعے ہی سامان رسد پہنچایا جاتا ہے۔ فروری میں امریکا اور روس کی ثالثی کے نتیجے میں شام میں جنگ بندی کے بعد حلب میں متحارب فوجوں کے درمیان کئی ہفتے تک لڑائی نہیں ہوئی تھی لیکن کاسٹیلو روڈ پر فریقین کے درمیان جھڑپیں جاری رہی تھیں۔