خبرنامہ انٹرنیشنل

حلب میں جنگ بندی میں مزید 48 گھنٹے کی توسیع

دمشق(آن لائن)شام کی سرکاری فوج نے ملک کے شورش زدہ شمالی شہر حلب میں جنگ بندی میں مزید48گھنٹے کی توسیع کردی۔شامی فوج کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حلب اور اس کے مضافات میں منگل کی صبح سے جمعرات کی شام تک جنگ بندی برقرار رہے گی۔خیال رہے کہ حلب میں گذشتہ چند ہفتوں کے دوران شامی فوج اور اس کے حامی اجرتی قاتلوں کے ہاتھوں تشدد کے بدترین واقعات سامنے آئے ہیں جس کے باعث جنیوا میں ہونے والے امن مذاکرت بھی تعطل کا شکار ہوگئے ہیں۔امن بات چیت کی بحالی کے لیے امریکا اور روس نے مل کر حلب، دمشق اور اللاذقیہ میں عارضی جنگ بندی کی کوششیں شروع کی تھیں۔ اس ضمن میں 29 اپریل کو متحارب فریقین کے مابین عارضی جنگ بندی کا ایک معاہدہ طے پایا تھا تاہم عارضی جنگ بندی گذشتہ جمعرات کو عملا نافذ کی گئی۔حلب میں عارضی جنگ بندی میں 48 گھنٹے کی توسیع ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے جب شہر کے شمال مغربی علاقے خان طومان میں تشدد کے واقعات بھی رونما ہوئے ہیں۔ گذشتہ جمعہ کو شامی باغیوں نے اس علاقے میں پیش قدمی کرتے ہوئے قبضہ کر لیا تھا جس کے بعد اسدی فوج نے باغیوں اور شہری آبادی پر جنگی طیاروں سے گولہ باری شروع کردی تھی۔#/s#