خبرنامہ انٹرنیشنل

حوثی باغیوں کا صنعاء میں عراقی سفارت خانے پر حملہ

حوثی باغیوں کا صنعاء میں عراقی سفارت خانے پر حملہ

صنعاء(ملت آن لائن) یمن کے حوثی باغیوں نے دارالحکومت صنعاء میں عراق کے سفارت خانے پر دھاوا بول کر اس میں توڑپھوڑ کی اور عملے کو زدو کوب کیا۔ العربیہ ٹی وی کے مطابق یمنی وزارت خارجہ نے اپنے ایک بیان میں حوثیوں باغیوں کی طرف سے عراقی سفارت خانے پرحملے اور عملے کو زدو کوب کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کی۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ عراقی سفارت خانے پرحملہ بین الاقوامی قوانین اور عالمی سفارت آداب کی کھلم کھلا توہین ہے۔ اس طرح کے واقعات کا مقصد پڑوسی ملکوں کے ساتھ تعلقات خراب کرنے کی کوشش کرنا ہے۔ بیان کہا گیا ہے کہ غیرملکی سفارت خانوں پر حملوں میں ملوث عناصر کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی اورانہیں اپنے کئے کی سزا ضرور ملے گی۔
اس خبر کو بھی پڑھیے…سعودی عرب کا فلسطین میں کینسر کے علاج کے لئے 45 لاکھ ڈالر مالیت کے جدید آلات کا عطیہ
مقبوضہ بیت المقدس؛ سعودی عرب نے فلسطین کے ایک ہسپتال کو کینسر کے لیزر علاج کے لئے 45 لاکھ ڈالر مالیت کے جدید ترین آلات اور میشنری کا عطیہ دیا ہے۔ العربیہ ٹی وی کے مطابق سعودی عرب کے ترقیاتی فنڈ کی طرف سے آگسٹا ویکٹوریا ہسپتال کو سرطان کے علاج کے لئے دو جدید نظام فراہم کئے ہیں جن کی مالیت ساڑھے چار ملین ڈالر ہے۔فلسطینی ہسپتال کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر ولید نمور نے سعودی عرب کی طرف سے کینسر کے علاج کے جدید نظام ملنے پر سعودی حکومت کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید لیزر علاج کے آلات اور میشنوں کی مدد سے فلسطین میں کینسر کے مرض کو کنٹرول کرنے اور مریضوں کے علاج میں مدد ملے گی۔انہوں نے سعودی عرب کی طرف سے ملنے والے اس عطیے کو فلسطینی قوم کے لیے گراں قدر تحفہ قرار دیا اور کہا کہ اس گراں قیمت میشنری کا عطیہ کرنا سعودی عرب کی فلسطینیوں کے ساتھ ہمدردی اور اخلاص کا ثبوت ہے۔ ڈاکٹر نمور نے کہا کہ سعودی عرب کی طرف سے ملنے والے جدید آلات سے رسولیوں کو لیزر کے ذریعے ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی طرف سے ملنے والا یہ جدید نظام علاج مقبوضہ بیت المقدس، غرب اردن اور غزہ کی پٹی کے علاقوں میں اپنی نوعیت کا پہلا سسٹم ہے۔