خبرنامہ انٹرنیشنل

حکمران کرپشن کے گاڈ فادر ہیں:عمران خان

ایبٹ آباد: (ملت آن لائن) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک کرپشن کرنے والوں کا احتساب نہیں ہوتا، انہیں جیلوں میں نہیں ڈالا جاتا اس وقت تک ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ پانامہ لیکس میں منی لانڈرنگ ثابت ہو گئی ہے۔ عمران خان نے مزید کہا کہ لیگی حکومت نے عوام کے 62 ارب روپے چوری کئے، کرپشن کی وجہ سے نوجوانوں کو روزگار نہیں مل رہا اور ملک میں سرمایہ کاری نہیں آ رہی۔ عمران خان نے بھارتی مظالم کے خلاف سینہ سپر کشمیری عوام کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے لوگ آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، کشمیری ظلم کے سامنے جنگ لڑ رہے ہیں، وہاں سکول کی بچیاں بھی بھارتی مظالم کیخلاف سڑکوں پر نکل آئی ہیں، کشمیری 26 سال سے بھارتی افواج کا ظلم برداشت کر رہے ہیں، کشمیریوں کے جذبے کو ہم سب سلام پیش کرتے ہیں، قوم کو شعور آ جائے تو کوئی غلام نہیں بنا سکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جنوبی کوریا کی عوام کرپشن کیخلاف سڑکوں پر نکلی تھی، کوریا کی صدر عوامی احتجاج کی وجہ سے جیل گئی، کرپشن کی وجہ سے بے روزگاری ہے اور عوام کو تعلیم نہیں مل رہی، کرپشن کی وجہ سے ملک میں سرمایہ کاری نہیں آ رہی، نواز شریف نے 480 ارب سرکلر ڈیٹ کے نام پر پیسہ دیا، 480 ارب میں 62 ارب کا گھپلا تھا، ایک ہی خوانچے میں 62 ارب چوری کیا گیا، یہی پیسہ تعلیم اور بجلی کے منصوبوں پر لگ سکتا تھا، ہمارا وزیر اعظم رنگے ہاتھ پکڑا گیا ہے، نواز شریف منی لانڈرنگ سے پیسہ باہر لے کر گیا۔ ملک میں سب سے بڑا مسئلہ بے روزگاری ہے، جب تک احتساب نہیں ہو گا ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ میرا کام ہے شعور پیدا کرنا، آپ اپنے پیسے کی خود حفاظت کریں، پانامہ لیکس میں نواز شریف کی منی لانڈرنگ ثابت ہو گئی، کرپٹ لوگوں کو جیل میں ڈالنے تک ملک ترقی نہیں کر سکتا، چوری کوئی کرتا ہے، ذلت عوام کو ملتی ہے، قرضے کوئی لیتا ہے، بھرنا قوم کو پڑتا ہے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کبھی کبھی سچ بھی بول دیتے ہیں، نواز شریف نے کہا تھا کہ کرپشن کرتے ہیں تو اپنے نام پر کچھ نہیں رکھتے، فضل الرحمان کو پیسے نہیں ڈیزل کے پرمٹ چاہیں، جہاں کرپشن ہوتی ہے وہاں عوام غریب ہو جاتی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کہتے ہیں کرپشن کیسے روکیں، ترقی رک جائے گی، نواز شریف تم کرپشن کے گاڈ فادر ہو، ہم تمہاری طرح کے ڈاکوؤں کو پہلے پکڑیں گے، نواز شریف بتائیں اتنا پیسہ کہاں سے آیا، کیا آپ نے پیتل سے سونا بنانے کا راز سیکھ لیا تھا؟ انہوں نے یہ بھی کہا کہ کرپشن کا سردار کرپشن کیسے روکے گا؟