خبرنامہ انٹرنیشنل

حکومت مخالف مظاہرین ملکی سالمیت کو خطرے میں نہ ڈالیں، ایرانی صدر

حکومت مخالف

حکومت مخالف مظاہرین ملکی سالمیت کو خطرے میں نہ ڈالیں، ایرانی صدر

تہران:(ملت آن لائن) ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ عوام حکومت کے خلاف مظاہرے کرنے کا حق رکھتے ہیں لیکن تشدد کا راستہ اختیار کرکے ملکی سالمیت و سلامتی کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔ ایران میں مہنگائی اور حکومت کے خلاف احتجاج چوتھے روز بھی جاری رہا اور صدر حسن روحانی نے ایرانی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پُرامن احتجاج عوام کا حق ہے لیکن پُرتشدد ہوکرملکی سالمیت کو خطرے میں ڈالنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔حسن روحانی نے امریکی ہم منصب ڈونلڈ ٹرمپ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ کو ایرانی مظاہرین سے ہمدردی دکھانے کا کوئی حق نہیں، وہ ماضی میں ایرانی عوام کو دہشت گرد قرار دے چکے ہیں، انھوں نے ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئےکہا ’’ اس شخص کا وجود ہی ایرانی قوم کے خلاف ہے اور اسے ایران کے عوام کے لیے افسردہ ہونے کی کوئی ضرورت نہیں۔حسن روحانی نے مظاہرین کو بھی خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ تشدد کسی بھی صورت میں قابل قبول نہیں ہے اور سرکاری املاک کو تباہ کرنا احتجاج نہیں بلکہ شرپسندی ہے۔واضح رہے کہ ایران میں تین روز قبل پست معیارِ زندگی کے خلاف مظاہرے شروع ہوئے تھے جس میں پولیس کی فائرنگ سے متعدد افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔