خبرنامہ انٹرنیشنل

حکومت ویتنام کا 4 ہزار قیدیوں کو رہا کرنے کا فیصلہ

ہنوئی: (ملت+اے پی پی) ویت نام میں خطرناک مجرموں سمیت 4 ہزار سے زائد قیدیوں کے لیے عام معافی کا اعلان کیا گیا ہے۔ ویت نام کے صدارتی ذرائع نے بتایا ہے کہ صدر تران دائی کوانگ نے اس حکم نامے پر دستخط کرتے ہوئے 4384 قیدیوں کی عام معافی کا اعلان کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ سوشلسٹ جمہوریہ ویت نام کی خیر خواہ پالیسیوں اور عوام کے انسانی جذبات کا ترجمان ہے۔نائب وزیر خارجہ ہا کم ناگوج نے بھی بتایا ہے کہ نو چینی، ایک جنوبی کوریائی اور ایک آسٹریلوی سمیت 14 غیر ملکی قیدیوں کو بھی رہا کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ عالمی حقوق انسانی کی تنظیمیں، امریکی انتظامیہ اور دیگر مغربی حکومتیں ویت نامی انتظامیہ سے اکثر مطالبہ کرتی رہی ہیں کہ سیاسی قیدیوں کو بھی رہا کیا جائے مگر اس کا کہنا ہے کہ وہ ملکی قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کو معافی نہیں دے سکتی۔